پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کپتان ڈیرن سیمی کی جانب سے جیتنے کی صورت میں گنجے ہونے کے دعوے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور زلمی کے تمام کھلاڑی عمرے کی ادائیگی کے بعد گنجے ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف فائنل سے قبل ڈیرن سیمی کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ان کی ٹیم فائنل جیتی تو پوری ٹیم گنجی ہو گی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ ٹیم مالک جاوید آفریدی بھی گنجے ہوں گے جس پر جاوید ان سے ایسا نہ کرنے کی التجا کرتے ہوئے دکھائی دیے تھے۔
جاوید آفریدی نے سیمی کے اس دعوے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دراصل میں نے کہا تھا کہ ٹیم جیت کی صورت میں عمرہ کر کے گنجا ہونے کا ذکر کیا تھا جس پر سیمی کو صرف ’شیو‘ والی بات سمجھ آئی اور انہوں ے وعدہ کر لیا۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ وہ پشاور زلمی کے چیمپیئن بننے کی خوشی میں پوری ٹیم کو شکرانے کے طور پر عمرہ کرائیں گے جس کے بعد تمام کھلاڑی گنجے ہوں گے۔
پشاور زلمی کے مالک نے اپنی ٹیم کی جیت پر کہا کہ پاکستانی قوم نے گزشتہ کچھ عرصے سے بہت دکھ سہے ہیں اور ہم ان کو ٹائٹل جیت کر تحفہ دینا چاہتے تھے۔
یاد رہے کہ اتوار کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے تاریخی فائنل میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔